جنوبی وزیرستان: لدھا میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ، 3 اہلکار زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا میں انسداد پولیو ٹیم کے قریب ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے ایک گاؤں سپینہ میلہ کے قریب سپینہ مدرسہ میں سیکورٹی فورسز پر ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحصیل لدھا میں ہونے والے بم دھماکے میں پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کی زد میں آکر ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں صوبیدار ریاض صاحب سپاہی ندیم اور سپاہی سہیل شبیر شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جبکہ پولیو کی ٹیم حملے میں محفوظ رہی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پولیو ٹیم صوبے میں جاری انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف تھی۔ واقعے میں زخمی ہونے والے متاثرین کو علاج کے لیے جنوبی وزیستان کے ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کر دیا۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

آج صبح ضلع لکی مروت میں بھی دہشت گردوں نے پولیو ٹیم پر خودکش حملہ کیا۔ خودکش دھماکے کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ جبکہ حملہ آور دھماکے سے ہلاک ہو گیا۔

گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں پولیو مہم پر تعینات پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ پولیس کے مطابق پولیس اہلکار مکرم اور فرمان اللہ دونوں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور تھے، دونوں بدھ کی صبح ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ مرخنی لال قلع کے قریب دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں مختلف دورانیے کی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز پیر سے ہوا ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے بالترتیب 67 لاکھ اور 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

پنجاب میں پانچ روزہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ سندھ میں یہ مہم سات روز تک جاری رہے گی جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 13 لاکھ بجوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔

خیال رہے رواں برس ملک میں پولیو سے متاثر بچوں کی تعداد 104 تک پہنچ گئی ہے۔ خیبرپختوںخوا سے پولیو کے 75، سندھ سے 16، بلوچستان سے 7 اور پنجاب سے 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں