پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس: حکومت کا جسٹس وقار سیٹھ کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکومت نے قانونی ماہرین کی رائے پر سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس سننے والی خصوصی عدالت کے جج جسٹس وقار سیٹھ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں رائے آئی کہ خصوصی عدالت کے فیصلے سے ملک میں انارکی پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جسٹس وقار سیٹھ کے خلاف ریفرنس فوری طور پر دائر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس سیٹھ وقار نے فیصلے کے پیرا گراف نمبر 66 میں لکھا ہے کہ اگر پرویز مشرف انتقال کر جاتے ہیں تو ان کی لاش کو تین روز تک اسلام آباد کے ڈی چوک پر لٹکایا جائے۔

دوسری جانب اٹارنی جنرل انور منصور خان نے کہا کہ ایک شخص نے فیصلے دیا ہے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، اس فیصلے کو کسی طور پر قبول نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دشمنی کی بنیاد پر فیصلہ دیا گیا ہے، فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے لیے درخواست دینی پڑے گی۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیصلے سے ادارے کو بھی چوٹ پہنچائی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں