وانا (دین محمد وزیر ) جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں معذور افراد اور ان کے لواحقین نے انتظامیہ اور حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
وانا کے رستم بازار میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نوراللہ وزیر کا کہنا تھا کہ معذور افراد کا اسلام میں پورا پوراحق ہے اور یہ حق دینا حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بےبس اور پِسے طبقات کی خبرگیری کرنے والا معاشرہ کبھی زوال پذیر نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ صرف وانا میں چار سو سے زائد معذور افراد ہیں جو اپنے حقوق کیلئے بارہا احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دے چکے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم کرنا تو درکنار ان کے احتجاجوں پر بھی سرے سے کوئی توجہ ہی نہیں دی گئی۔
یہ بھی واضح رہے کہ یہ افراد مختلف حادثات اور جنگوں کی وجہ سے معذور ہوئے ہیں جو خود کو اپنے اپنے خاندان پر بوجھ سمجھتے ہیں۔
آج وانا میں احتجاج کرنے والے مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات جلد نہ مانے گئے تو ان کا اگلا مظاہرہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ہوگا۔