پی آئی سی حملہ کیس: وزیراعظم عمران خان کے بھانجے بیرسٹر حسان نیازی کی ضمانت منظور

لاہور (ڈیلی اردو) وزیر اعظم عمران خان کا بھانجا بیرسٹر حسان احمد خان نیازی نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہو کر ضمانت حاصل کر لی ہے۔

حسان نیازی کی ضمانت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔ وہ دس دن سے مفرور تھے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے حسان نیازی کی قبل از گرفتاری ضمانت 24 دسمبر تک منظور کی ہے۔ پولیس کے مطابق حسان خان نیازی کو مقدمہ کی ضمنی میں نامزد کیا گیا ہے کیوں کہ وہ توڑ پھوڑ اور پولیس کی گاڑی کو نذر آتش کرنے میں پیش پیش تھا۔

پی آئی سی پر حملے کے دوران بیرسٹر حسان نیازی نہ صرف پولیس پر پتھراؤ کرتے رہے۔ بلکہ ان کو فوٹیج میں پولیس وین کا دروازہ توڑتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے متعدد جگہوں پر چھاپے مارے گئے تھے۔ وہ پی آئی سی کے باہر توڑ پھوڑ اور گاڑی کو آگ لگانے کے واقعے میں نامزد ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر پہلے تو حسان نیازی ایڈووکیٹ ہونے والے احتجاج کو پرامن قرار دیتے رہے اور ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے رہے تھے۔

بعد ازاں نشاندہی کے بعد وہ خود کو وکلا کے پرتشدد احتجاج سے علیحدہ کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ شناخت کے بعد پولیس نے جب ان کی تلاش شروع کی تو حسان نیازی روپوش ہوگئے اور ان کا موبائل فون بھی بند جا رہا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں