جسٹس گلزار احمد نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (ڈیلی اردو) سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس گلزار احمد نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔

جسٹس گلزار احمدکی تقریب حلف برداری میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ صدر پاکستان، وزیر اعظم عمران خان، چیئرمین سینٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، گورنر صاحبان، ججز، وکلا سمیت وفاقی وزرا کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

جسٹس گلزار احمد 2 سال ایک ماہ اور دس دن تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے، جسٹس گلزار احمد پاکستان کے 27 ویں چیف جسٹس ہیں۔

جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم گلستان اسکول کراچی سے حاصل کی جبکہ گریجوایشن گورنمنٹ نیشنل کالج کراچی، ایل ایل بی کی ڈگری ایس ایم لاء کالج کراچی سے مکمل کی۔

اٹھارہ جنوری 1986 کو بطور وکیل، 4 اپریل 1988 کو بطور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ اور 15 ستمبر 2001 کو عدالت عظمیٰ کے ایڈووکیٹ بنے۔

جسٹس گلزار احمد 27 اگست 2002ء کو سندھ ہائیکورٹ جبکہ 16 نومبر 2011ء کو سپریم کورٹ کے جج بنے۔

جسٹس گلزار احمد پاناما بنچ کا حصہ رہے جبکہ کراچی میں چائنا کٹنگ اور قبضہ مافیا کے خلاف فیصلہ دیا۔ اس فیصلے کی روشنی میں 500 سے زائد غیر قانونی عمارتوں کو مسمار کیا گیا۔

ن لیگی رہنما طلال چودھری کی نااہلی سمیت بہت سے اہم کیسز کا فیصلہ کرنے والے بنچ کا بھی حصہ رہے۔ جسٹس گلزار احمد بطور چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان یکم فروری 2022ء کو ریٹائرڈ ہونگے۔

اس سے قبل جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 11 ماہ 2 دن چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پہ فائز رہے۔ وہ دو وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کو نااہل کرکے گھر بھیجنے والے بینچز سمیت اہم کیسز کا حصہ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں