سان فرانسسکو (ڈیلی اردو) ٹوئٹر انتظامیہ نے سعودی حکومت سے تعلق رکھنے والے ایسے 6 ہزار اکاﺅنٹس کو مستقل طور پر بند کردیا ہے جو حکومت کیلئے کام کر رہے تھے۔
مقبول ترین مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کے ترجمان کے مطابق بند کیے جانے والے اکاؤنٹس کا مقصد سعودی حکام کے حق میں پیغامات کو بڑھانا اور انہیں فروغ دینا تھا۔
ٹوئٹر کے مطابق بند کیے گئے زیادہ تر اکاؤنٹ عربی زبان میں تھے جب کہ ان اکاؤنٹس پر ایران پر پابندیوں اور مغربی میڈیا پر سعودی حکومت کے سرکاری عہدیداروں کے پیش ہونے کے بارے میں بھی گفتگو کی جاتی تھی۔
ٹوئٹر نے اپنے بلاگ پر بتایا کہ انہوں نے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے 5929 اکاﺅنٹس کو ڈیلیٹ کردیا ہے کیونکہ یہ ٹوئٹر کی اثر انداز ہونے کی پالیسی کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ جب ان اکاﺅنٹس کی تحقیقات کی گئیں تو پتا چلا کہ یہ سعودی عرب کا ایک انفارمیشن آپریشن تھا جو 88 ہزار اکاﺅنٹس کے گروپ سے منسک تھے اور عالمی سطح پر مختلف معاملات پر ذہن سازی کر رہے تھے۔
ٹوئٹر انتظامیہ نے کہا ہے کہ انہوں نے ان تمام اکاﺅنٹس کو مستقل بنیادوں پر ڈیلیٹ کردیا ہے۔ ٹوئٹر نے ان اکاﺅنٹس کی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں اور صرف یہی بتایا ہے کہ یہ اکاﺅنٹس سعودی حکومت کی آشیرباد سے چل رہے تھے اور عالمی سطح پر مختلف موضوعات پر لوگوں کی ذہن سازی کا کام کر رہے تھے۔
ٹوئٹر انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ دنیا بھر میں اس قسم کے نیٹ ورکس کے خلاف اقدامات اٹھاتے رہیں گے، ’ اس حوالے سے ہم حکومتوں کی حمایت سے چلنے والی ان تمام انفارمیشن مہمات کے خلاف ایکشن لیتے رہیں گے جو ہماری کمپنی کی پالیسی کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔‘