وادی نیلم: بھارتی فوج کی کیرن سیکٹر پر شدید گولہ باری، ایک بچی شہید، 4 مکانات تباہ

مظفرآباد (ڈیلی اردو) بھارتی فوج کی جانب سے وادی نیلم کے مختلف علاقوں جورا، بگنہ، اٹھمقام، لالہ، اشکوٹ، سالخلہ، پالڑی و دیگر علاقوں میں بلااشتعال گولہ باری اور شدید فائرنگ سے تین سے چار شہریوں کے مکانات تباہ، ایک کمسن بچی شہید، وادی نیلم میں ٹیلی فون سروس معطل ہونے کے باعث رابطے محدود ہیں جس کے باعث مزید نقصانات کی اطلاع نہیں مل سکی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز کی گئی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں کیرن سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر واقع بگنہ گائوں میں کئی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ اور گولہ باری کے باعث ایک کم سن بچی شہید ہوئی ہے۔

بھارت کی جانب سے دن گیارہ بجے دعویٰ کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے علاقہ کیرن پر بھارتی فوج نے اپنا قبضہ جمالیا ہے جس کی عسکری ذرائع نے تردید کرتے ہوئے اس جھوٹا پراپیگنڈہ قرار دیا۔

دریں اثناء پاک فوج بھارتی افواج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے، بگنہ کے پار مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی چوکیاں تباہ ہوئی ہیں جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس سے آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں۔

اس سے قبل بھارتی فوج نے بگنہ آزادکشمیر میں شہری آبادی پر گولے داغے جس سے بگنہ کے شہریوں نمبردار بلوری خان اور ان کے بھائیوں سردار نذیر بلوری و دیگر کے مکانات مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے ہیں تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔

کثیرالمنزلہ دیودار کی لکڑی کے مکانات ہونے کے باعث مکانات میں شدید آگ بھڑک اٹھی، بھارتی فوج نے ریسکیو 1122 اور ایمبولینسز کو جانے سے بھی روکا اور ان پر بھی فائرنگ کی ہے تاہم متاثرہ مقام پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

ادھر دوسری جانب مظفرآباد سے نیلم کے لیے مسلسل کئی روز سے پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کی دن رات غیر معمولی پروازیں جاری ہیں جس کے باعث عوام میں بے چینی پائی جارہی ہے، خصوصاً بھارت کی جانب سے میڈیا پر جنگی صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی خبروں کے بعد کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کے کشمیریوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں