خیر پور (ڈیلی اردو) پاکستان بننے سے قبل خیر پور ریاست کے آخری شہزادے کی اہلیہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر بخش علی کا کہنا تھا کہ شہزادہ میر علی مراد خان رالپور (دوئم) کی اہلیہ عالیہ تالپور کو 3 ہفتے قبل ایس آئی یو ٹی میں ایڈمٹ کیا گیا تھا۔انہوں نے ڈان کو بتایا کہ شہزادی 10 سال سے ڈائیلیسز پر تھیں۔شہزادی نامور مذہبی رہنما علامہ رشید ترابی کی بیٹی تھیں۔
انہوں نے اپنے سوگواران میں 2 بیٹے، میر عباس رضا خان تالپور اور میر مہدی رضا خان تالپور سمیت ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔شاہی خاندان پر ڈرامہ اور ڈاکومینٹری بنانے والے معروف لکھاری اور صحافی ممتاز بخاری کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں خدمت خلق اور خیر پور کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں ملوث تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مرحومہ شہزادی نے کوٹ ڈیجی میں اپنی رہائش گاہ کے قریب علاقہ مکینوں کے لیے ایک اسکول کی عمارت بھی وقف کر رکھی تھی جس کی وہ ملکیت برقرار رکھنے کے لیے صرف ایک روپیہ ماہانہ کرایہ وصول کرتی تھیں۔