اثاثہ جات کیس: سندھ ہائیکورٹ نے سید خورشید شاہ کی ضمانت پر رہائی کا حکم معطل کردیا

کراچی (ڈیلی اردو) سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی رہائی کا حکم 16 جنوری 2020 تک ملتوی کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ میں پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی رہائی کیخلاف نیب کی اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس نعمت اللہ اور جسٹس خادم حسین پرمشتمل سپیشل بنچ نے سماعت کی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ خورشید شاہ کیوں پیش نہیں ہوئے۔ وکیل مکیش کمار خورشید شاہ نے بتایا کہ ان کے مؤکل جیل حکام کے پاس ہیں۔

پیپلزپارٹی رہنما کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کی رہائی کے لیے مچلکے کوئی نہیں لے رہا۔

عدالت نے خورشیدشاہ کی ضمانت پر رہائی کاحکم آئندہ سماعت تک معطل کردی اور سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ سماعت تک احتساب عدالت کا فیصلہ معطل رہے گا، آئندہ سماعت پر فریقین کے دلائل سنیں گے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت سکھر نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو پچاس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔

عدالت نےآمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں خورشید شاہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ خورشید شاہ کے خلاف نیب نے ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں