پیراگون کیس: خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 جنوری تک توسیع

لاہور (ڈیلی اردو) احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 جنوری تک توسیع کردی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا۔

عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ قیصر امین بٹ کہاں ہے، پراسیکیوٹر نے بتایا کہ وہ بیماری کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہوسکے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اس حوالے سے کوئی رپورٹ عدالت میں آئی ہےجس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ تحریری رپورٹ یا جواب نہیں آیا، صرف معلوم ہوا ہے کہ وہ بیمار ہیں۔

عدالت نے کہا کہ قیصر امین بٹ کا وعدہ معاف بننے کا بیان ان کی موجودگی میں کھولا جائے گا۔

عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے 6 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں