فیصل آباد (ویب ڈیسک) مختلف علاقوں میں بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، سات ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نےآئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بسنت منانے کے دوران منچلوں کی ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، نوجوانوں نے کلاشنکوف سمیت جدید اسلحے سے فائرنگ کی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے ہوائی فائرنگ کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آبادمیں پتنگ بازی اور فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعات کا سختی سے نوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نےآئی جی سے واقعات کی مکمل رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں عثمان بزدار نے فائرنگ سے ہونے والے جانی نقصان پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ پابندی کے باوجود پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے واقعات افسوسناک ہیں، غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے کارروائی کا آغاز کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ پولیس حکام پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پرعمل درآمد یقینی بنائیں، ایسے واقعات کا رونما ہونا پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔