اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ کو مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستان میں مذہبی پابندیوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ پاکستان میں تمام مذاہب کے بسنے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ پاکستان میں کسی قوم، نسل، مذہب کو تعصب کا سامنا نہیں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ مذہبی پابندیوں میں بھارت کا شمار بھول گیا۔ بھارت اقلیتوں سے غیر انسانی سلوک کے حوالے سے سب سے آگے ہے۔ بھارت کا حالیہ شہریت بل بھارت کے اقلیتوں سے امتیازی سلوک کا ثبوت ہے۔
رپورٹ پاکستان کی زمینی حقائق کے برعکس ہے۔ مذہبی آزادی سے متعلق رپورٹ سے پوری مشق کی ساکھ اور شفافیت پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔