اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے یہاں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔
سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے معاملات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ نے شاہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی جس میں کشمیر سمیت اہم علاقائی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود اور اراکین وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کا دورہ منسوخ کردیا تھا جس کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ یہ دورہ سعودی عرب کے دباؤ پر منسوخ کیا گیا تاہم پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے اس بات کی تردید کی تھی۔