فلوریڈا (ڈیلی اردو/اے پی پی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے کسی بھی حیران کن اقدام سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے ان خیالات کا اظہار صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔
شمالی کوریا کی حالیہ دھمکیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چلیں دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، جیسے ہی کچھ ہوا تو میں اسے سنبھالوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے شمالی کوریا کے رہنماء میزائل تجربے کی جگہ انہیں ایک خوبصورت گلدان بھیج دیں۔
دوسری جانب شمالی کوریا نے امریکہ کی جانب سے اقتصادی پابندیاں اٹھانے یا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے مذاکرات میں دیگر رعایتیں دینے کے لیے یک طرفہ طور پر اختتامِ سال تک کی میعاد مقرر کر دی ہے۔
پیانگ یانگ نے خبردار کیا ہے کہ یہ مکمل طور پر امریکہ پرمنحصر ہے کہ وہ کِس قسم کا ” تحفہ“ لے گا۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے قبل ازیں اِشارہ دیا تھا کہ امریکہ شمالی کوریا کے خلاف طاقت استعمال کر سکتا ہے۔