سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی 12ویں برسی آج منائی جائے گی

راولپنڈی (ڈیلی اردو) دو مرتبہ پاکستان کی وزیر اعظم رہنے والی اور پاکستانی اکہتر سالہ تاریخ کی واحد خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بارہویں برسی آج منائی جائے گی۔ پورے ملک سے جیالوں کی بڑی تعداد اپنی شہید قائد کی محبت میں لیاقت باغ راولپنڈی پہنچ رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے پہلی بار مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش کے بجائے جائے شہادت لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد کی جا رہی ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری برسی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔

21 جون 1953 کو سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو اور نصرت بھٹو کے گھر ننھی پری نے آنکھ کھولی، جس کا نام والد نے اپنی بہن کی نسبت سے بے نظیر رکھا۔ ذوالفقار علی بھٹو اپنی لاڈلی کو پنکی کہہ کر پکارتے تھے۔ ضیاء کے مارشل لاء اور والد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد بے نظیر بھٹو نے سیاست کے کار زار میں قدم رکھا تو انکی جدوجہد اور قربانیاں رنگ لائیں۔ انیس سو اٹھاسی میں انتخابات ہوئے تو وہ وزیراعظم بنیں۔

ایک سازش کے تحت انیس سو نوے کو انکی حکومت گرادی گئی اور نواز شریف وزیراعظم بنے۔ حکومت نے ان پر اور انکے شوہر آصف علی زرداری پر مقدمات قائم کیے۔ آصف زرداری جیل میں اور محترمہ چھوٹے سے بلاول کو گود میں اٹھائے عدالتوں کی پیشیاں بھگتتیں اور جیل کے چکر کاٹتی رہیں۔

بے نظیر بھٹو انیس سو ترانوے کو دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوگئیں لیکن اس وقت کے صدر فاروق لغاری نے اسمبلی توڑ کر انکی حکومت ختم کردی۔ بے نظیر اور انکے ساتھیوں پر مزید مقدمات بنائے گئے۔ احتساب کے نام پر مشرف دور میں بھی مقدمات چلتے رہے۔

مشرف کے ساتھ این آر او ہوا تو بے نظیر 18 اکتوبر 2007 کو وطن واپس آئیں، جہاں کراچی میں انکا پر تپاک استقبال کیا گیا۔ بے نظیر بھٹو پر پہلا قاتلانہ حملہ بھی اسی استقبال کے دوران ہوا جہاں سیکڑوں جیالوں نے جان کی قربانیاں دیں۔

بے نظیر بھٹو پر دوسرا حملہ 27 دسمبر 2007 کو کیا گیا جس میں انہوں نے جام شہادت نوش کیا۔

اس سلسلہ میں لاڑکانہ سمیت ملک بھر میں پیپلزپارٹی کے کارکنان و عہدیداران بے نظیر بھٹو کی برسی منائیں گے اور قرآن خوانی کی تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

راولپنڈی انتظامیہ کے مطابق جلسہ گاہ کے اندر اور باہر 3 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ مری روڈ کمیٹی چوک سے لے کر مریڑ چوک تک ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند ہو گی۔ اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے متبادل پلان جاری کر دیا ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق 27 دسمبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما بینظیر بھٹو کا یوم شہادت کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

27 دسمبر کو سندھ کے تمام سرکاری اور سندھ حکومت کے ماتحت اداروں میں تعطیل ہوگی۔ جس کا نوٹفیکشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں