گوجرانوالہ میں حساس اداروں کی کارروائی، القاعدہ کے 5 دہشتگرد گرفتار، خودکش جیکٹ برآمد

لاہور (ڈیلی اردو) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور حساس ادارے نے گوجرانوالہ میں مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب اور حساس اداروں نے گوجرانوالہ میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، خودکش جیکٹ، اسلحہ برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ القاعدہ کے دہشت گردوں سے لیپ ٹاپ، پرنٹنگ مشین سمیت دیگر مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق حساس ادارے کئی ماہ سے ان دہشت گردوں سے متعلق معلومات جمع کر رہے تھے، یہ دہشت گرد القاعدہ کا میڈیا سیل چلا رہے تھے، اور افغانستان میں عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کی مرکزی قیادت کو فنڈز بھجوایا کرتے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے کراچی سے گوجرانوالہ میں اپنا نیٹ ورک منتقل کیا تھا، جہاں وہ دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

گرفتار دہشت گردوں میں عاصم اکبر، عبداللہ عمیر، احمد عرف قاسم، محمد یوسف اور محمد یعقوب شامل ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں