اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد، راولپنڈی اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے آنے والے تین زلزلوں کے شدید جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی شب کو ملک میں پے درپے تین مرتبہ زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے شدید جھٹکے گلگلت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخواہ، اسلام آباد اور پنجاب کے کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق تینوں زلزلوں کا مرکز گلگلت بلتستان تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پہلے زلزلے کی شدت 4.6 دوسرے زلزلے کی شدت 5.6 اور پھر تیسرے زلزلے کی شدت 5.2 رہی جبکہ گہرائی 42 کلومیٹر زیر زمین اور مرکز مینگورہ سے 256 کلومیٹر دور گلگت بلتستان کا علاقہ تھا۔
ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں غذر شگر اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہنزہ اور مضافات میں زلزلہ آنے کی اطلاعات ہیں۔
علاوہ ازیں جہلم اور گرد و نواح کے علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اسی طرح گلگت کے سب ڈویژن جگلوٹ میں زلزلے کے آفسٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ پنڈ دادن خان اور کھیوڑہ میں بھی زمین لرز اٹھی۔
زلزلے کے جھٹکے 10 بج کر 20 منٹ پر محسوس ہوئے جبکہ اس کا دورانیہ دس سے پندرہ سیکنڈ رہا۔ اس کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد، میرپور، بھمبر اور کوٹلی سمیت آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ 6، گہرائی 42 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز جنوبی ایران تھا۔
یاد رہے کہ 20 دسمبر کو صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ پاکستان بھر میں آنے والا حالیہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ لوگ گھروں اور دفاتر سے خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔