اسلام آباد (ڈیلی اردو) پیٹرول اور بجلی کے بعد ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر بھی 277 روپے 79 پیسے مہنگا کردیا گیا۔
آئل اینڈ گیس ریلگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو ایل پی جی 23 روپے 55 پیسے مہنگی کردی گئی جس کے بعد قیمت 128 روپے 27 پیسے سے بڑھ کر 151 روپے 82 پیسے ہوگئی۔
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 277 روپے 79 پیسے مہنگا کردیا گیا جس کے بعد 11.8کلو کا گھریلو سلنڈر 1791 روپے 48 پیسے کا ہوگیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔
خیال رہے کہ حکومت نے سال نوپر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا ہے اور وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 116 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اس سے قبل آج ہی کے روز نیشنل الیکٹرک پاور ریلگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی 4 روپے 90 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی ہے۔
اس اضافے کے ساتھ کے الیکٹر ک صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کی اوسط قیمت 17 روپے 69 پیسے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔