لاہور (ڈیلی اردو) صوبائی دارالحکومت لاہور میں چمڑے کے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگنے والی آگ نے چار افراد کی زندگی کا چراغ گل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں گوالمنڈی کے علاقے میں موچی گیٹ کے قریب گنجان آباد علاقے میں چمڑے کی مصنوعات بنانے والے گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دکھتے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
چمڑے کے گودام کے اوپر رہائشی منزلیں ہونے کے باعث کمروں میں دھواں بھر گیا،جس سے چار افراد جاں بحق جبکہ اکیس متاثر ہوئے۔
امدادی کارروائیواں کے دوران ریسکیو کو تنگ گلیاں ہونے کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے اہلکاروں نے کافی جدوجہد کے بعد آتشزدگی پر قابو پایا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، پولیس نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کردیں ہیں۔
ایس پی سٹی صفدررضا کاظمی کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں عبدالمالک، عبدالودود، فیروز خان اور داد خدا شامل ہیں، باقی 21 متاثرین تاحال ہہسپتال میں زیر علاج ہیں۔