سکھر (ڈیلی اردو) تین منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے سے ملبے تلے دب کر جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی، جبکہ 13 زخمیوں کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ مزید افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
صوبہ سندھ کے ضلع سکھر میں حسینی روڈ پر تین منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ عمارت کے ملبے تلے دبنے سے تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 13 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے بعد سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو آپریشن میں پاک فوج اور رینجرز کے جوانوں نے بھی حصہ لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ افراد کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ جبکہ ملبے میں دبے مزید افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔