پاکستان میں فضائی آپریشنز پر حملوں کا خطرہ ہے، امریکا

واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) امریکا کے کے محکمے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے پاکستان کی فضائی اور علاقائی حدود میں زمین پر موجود اور کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں، بشمول آمد اور پرواز کے اوقات کے دوران جنگجوئوں اور انتہا پسندوں کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر انتباہ جاری کیا ہے۔

اس ضمن میں جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی سول ایوی ایشن کے آپریشنز کو پاکستان کی علاقائی اور فضائی حدود میں خطرات لاحق ہیں۔ ایسے نوٹس ماضی میں بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

نوٹس میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے خبردار کیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود میں آپریشنز کے دوران خبردار رہیں۔

پاکستان میں سرگرم جنگجو عناصر اور انتہا پسند امریکی فضائی آپریشنز کیلئے مستقل خطرہ ہیں اور امریکی طیاروں کو چھوٹے ہتھیاروں، ایئرپورٹس پر حملوں، طیارہ شکن گن جیسے ہتھیاروں سے حملہ کیا جا سکتا ہے۔

اپنی سابقہ ایڈوائزری میں فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے خبردار کیا تھا کہ کشمیر کی صورتحال بگڑ سکتی ہے اور ایئر نیوی گیشن پرووائیڈرز کی جانب سے عارضی بنیادوں پر فضائی حدود کی پابندیاں جاری کی جا رہی ہیں۔

موجودہ انتباہ میں سابقہ ایڈوائزری کے مقابلے میں بہت کم تبدیلیاں کی گئی ہیں اور فلائٹ آپریشنز کے معاملے میں احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں