مقبوضہ بیت المقدس (ڈیلی اردو) آج جمعہ کے روز امریکا کی عراق میں ایک وحشیانہ فوجی کارروائی میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک سینیر جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے کئی ساتھیوں کی شہادت کے بعد اسرائیل میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی ریاست نے ملک کے اندر بالخصوص شام اور لبنان کی سرحد پر سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔ صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ عراق میں ایرانی اور عراقی کمانڈروں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد اسرائیل کے خلاف بھی سخت رد عمل آسکتا ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق میں امریکی فوجی کارروائی میں سینیر ایرانی کمانڈروں بالخصوص فیلق القدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کے واقعے کے بعد پورے ملک میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ اہم سرکاری عمارتوں اور حساس تنصیبات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
دوسری طرف لبنان اور شام کی مقبوضہ وادی گولان میں سرحد پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینیٹ نے اعلیٰ فوجی حکام کی موجودگی میں ایک اجلاس کے دوران ملک میں امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لیا ہے۔
قابض فوج کا کہنا ہے کہ تل ابیب میں وزارت دفاع کے ہیڈ کواٹر میں ہونے والے اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل آویف کوخاوی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کی موجودگی میں سیکیورٹی کا جائزہ لیاگیا۔ فوج کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وہ حالات پرگہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
ایرانی جنرل اور عراقی کمانڈروں کے قتل کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے اپنا یونا کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔