بغداد (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) عراق کی وزارتِ خارجہ نے بغداد میں متعیّن امریکی سفیر کو طلب کیا ہے اور ان سے عراق کی خود مختاری کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں عراق میں امریکا کے فضائی حملوں کو ملک کی خود مختاری کی ننگی خلاف ورزی اور امریکا کی قیادت میں اتحاد کے ساتھ طے شدہ سمجھوتے کے منافی قرار دیا ہے۔
اس نے کہا ہے کہ عراق کی سرزمین کو ہمسایہ ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
گذشتہ جمعہ کو علی الصباح بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک امریکا کے ایک ڈرون حملے میں ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی اور شیعہ ملیشیاؤں پر مشتمل الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس سمیت 9 افراد شہید ہوگئے تھے۔