روم (ڈیلی اردو) اٹلی کے شمالی علاقے میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں ایک ڈرائیور نے جرمن سیاحوں کے گروہ پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور دیگر 11 زخمی ہوگئے۔
برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق واقعہ شمالی اٹلی کے علاقے الٹواڈیج میں پیش آیا۔
واقعے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کی عمریں لگ بھگ 20 برس تھیں اور مذکورہ جرمن سیاحوں کا گروپ 17 افراد پر مشتمل تھا۔
ویلی اورینا میں پہاڑی گاؤں لوٹاگو کے قریب رات ایک بجے سیاحوں کا گروپ سڑک عبور کررہا تھا کہ تیز رفتار آڈی ٹی ٹی نے انہیں ٹکر ماری۔
واقعے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے، تاہم ایک خاتون کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے آسٹریا کے شہر انسبرگ کے ایک ہسپتال پہنچادیا گیا۔
اطالوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جرمن سیاحوں کا گروپ موسم سرما کی تعطیلات پر اسکیئنگ کے لیے اٹلی آیا ہوا تھا۔
تمام سیاح ایک بس سے اتر کر ہوٹل جارہے تھے تو اسی دوران ان کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق انہوں نے قریبی گاؤں چیئنس سے28 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے اور ان سے تحقیقات کی جارہی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق واقعے کے وقت زیر حراست مشتبہ شخص نشے میں تھا۔
اطالوی میڈیا کی خبروں میں بتایا گیا کہ خون کے نمونو کے ٹیسٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے خون میں شراب کی مقدار قانونی حد سے 4 گنا زیادہ تھی۔
اٹلی کے صوبے الٹو اڈیج کے گورنر آرنو کومپاتسکر نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ پیش آنے کے بعد قریبی ہوٹل کے عملے نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی اور ایمرجنسی سروسز کو بلایا۔