تہران (ڈیلی اردو) امریکی حملے میں قتل ہوئے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کی بیٹی نے امریکی صدر ٹرمپ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ والد کی موت پر امریکا اور اسرائیل کو سیاہ دن دیکھنا پڑے گا۔
جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ کے موقع پر ان کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے اپنے والد کی موت پر شدید رد عمل کا اظہار کیا اور امریکا اور اس کے اتحادی اسرائیل کو واضح پیغام دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زینب سلیمانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی اسرائیل کو جنرل سلیمانی کی موت پر ’سیاہ دن‘ دیکھنا پڑے گا۔
⚫️???? دختر حاجقاسم: شما حریف پدرم نبودید که با موشک او را زدید؛ جرات داشتید با پدرم رودررو میشدید pic.twitter.com/PkMOSjX0an
— خبرگزاری فارس (@FarsNews_Agency) January 5, 2020
زینب سلیمانی نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیوانے ٹرمپ یہ مت سمجھنا کہ میرے والد کی موت کے ساتھ سب کچھ ختم ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کے روز تہران میں قاسم سلیمانی کے جنازے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بھی زینب سلیمانی کا کہنا تھا کہ اس کے باپ کی موت امریکا اور اسرائیل کے لیے “سیاہ دن” کا پیغام لے کر آئی ہے۔
زینب نے لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو سلام پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ سلیمانی کی موت کا انتقام لیا جائے۔ زینب کے مطابق اسے معلوم ہے کہ نصر اللہ کی جانب سے کی موت کا انتقام لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جمعہ کی صبح عراق میں ہوئے امریکی ڈرون حملے میں ایرانی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی، عراقی کمانڈر ابو مہدی المہندس اور ان کے دیگر ساتھی شہید ہوئے تھے اور امریکا نے ان کی ہلاکت کو خطے میں جنگ روکنے کے مترادف قرار دیا تھا۔
ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی میت گزشتہ روز عراق سے ایران پہنچائی گئی، ان کی تدفین منگل کو آبائی شہر کرمان میں ہوگی۔