جرمنی: پولیس نے چاقو سے حملہ کرنیوالے شخص کو گولی مار کر ہلاک کردیا

برلن (ڈیلی اردو) جرمن شہر گیلزن کِرشن میں پولیس اہلکار پر حملہ کرنے والے ایک مبینہ چاقو بردار کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے شخص کو ایک دوسرے پولیس اہلکار نے گولی ماری۔

گیلزن کرشن پولیس نے چاقو سے حملے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو ہلاک کرنے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس نے اس حملہ آور کا نام اور شہریت ظاہر نہیں کی ہے۔ پولیس اور خفیہ اداروں نے تفتیشی عمل شروع کر رکھا ہے۔

جرمن شہر گیلزن کرشن کی پولیس کے ترجمان کے مطابق مبینہ حملہ آور نے پہلے کوئی شے پولیس کی گاڑی کو ماری اور پھر وہ شخص قریب ہی کھڑے پولیس اہلکار کی جانب بڑھا۔ ترجمان کے مطابق حملے کے لیے واضح طور پر اُس کا ایک ہاتھ بلند ہوا اور اُس نے چاقو پکڑا ہوا تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق حملہ آور کو روکنے کی وارننگ بھی متعدد مرتبہ دی گئی لیکن اُس نے انہیں نظر انداز کر دیا اور مجبوراً ایک دوسرے پولیس اہلکار کو اُسے روکنے کے لیے گولی چلانا پڑی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں