ٹوکیو (ڈیلی اردو/این این آئی) جاپانی وزیراعظم شینزو آبے نے عندیہ دیا ہے کہ وہ اپنے اْس منصوبے پر عمل کریں گے جس میں مشرق وسطیٰ میں ملکی فوج کی تعیناتی شامل ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آبے نے کہا کہ یہ فوج جاپان کے مفادات کے تحفظ اور سمندری گزرگاہ میں سے گزرتے مال بردار بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے تعینات کی جائے گی۔
انہوں نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ شینزو آبے نے خلیج فارس میں بڑھی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔
جاپانی وزیراعظم نے ملکی فوج کی تعیناتی کا یہ منصوبہ گزشتہ ماہ پیش کیا تھا۔