نئی دلی (ڈیلی اردو) بھارتی آرمی چیف جنرل منوج موکنڈ نراوانے نے گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ اگر چاہے تو آزاد کشمیر بھی ہمارا ہوسکتا ہے۔
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے نئے بھارتی آرمی چیف جنرل منوج موکنڈ نراوانے نے آزاد کشمیر کے حوالے سے گیدڑ بھبکی دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور پارلیمنٹ میں پہلے سے قرارداد موجود ہے اور اگر پارلیمنٹ چاہے اور ہمیں اس قسم کا کوئی حکم ملے تو آزاد کشمیر لینے کے لیے فوج کارروائی کرے گی۔
#WATCH Army Chief General Manoj Mukund Naravane briefs the media in Delhi https://t.co/DhQ0mfmkM4
— ANI (@ANI) January 11, 2020
بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر شخص نے بہترین کام کیا چاہے وہ لائن آف کنٹرول پر تعینات ہو یا پھر عام شہری علاقوں کو کنٹرول کرنا ہو اور مجھے فوجی اہلکاروں سے کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں، ان کے خلاف جو بھی شکایات درج ہوئیں ان میں کچھ بھی ثابت نہیں ہوسکا جب کہ ہمیں عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ہم مقامی پولیس اور انتظامیہ کے بھی شکرگزار ہیں۔
بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں مغربی سرحدوں سے زیادہ خطرات لاحق ہیں، سیاچن ہمارے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ خطہ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔