مظفر آباد (ڈیلی اردو) آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں گرنے والے برفانی تودے سے 57 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ شدید برفباری کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 61 ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کی وادی نیلم میں 15 دیہات پر مٹی اور برفانی تودے گرنے سے اب تک 61 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوچکے ہیں، جب کہ 42 زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایک مسجد سمیت 47 مکان مکمل تباہ ہوئے ہیں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے رضاکار اور دوسرے محکموں کے امدادی کارکن متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ متاثرہ لوگوں کو خوراک، کمبل اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔
آزاد کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر احمد رضا قادری کا کہنا ہے کہ حالیہ برفباری اور برفانی تودے گرنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ جب کہ برفانی تودہ گرنے سے 7 گاڑیاں اور 3 موٹر سائیکلوں بھی تباہ ہوئیں۔
سرکاری ذرائع نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ برفانی تودہ گرنے سے جزوی طور پر 78 مکانات بھی تباہ ہوئیں۔ جبکہ ایک مسجد سمیت 47 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئیں۔ برفانی تودہ گرنے سے 17 دوکانیں بھی تباہ ہوئیں۔
احمد رضا قادری کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے مگر زمینی رابطہ منقطع ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر رہے ہیں۔
اسٹیٹ ڈیپارمنٹ مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اشیاء خورونوش، گرم کپڑے اور دیگر امدادی سامان بھیجا جا رہا ہے۔