کراچی: گزشتہ 48 گھنٹوں میں دو پولیس اہلکار شہید

کراچی (ڈیلی اردو) شہر قائد میں 48 گھنٹوں میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

شہر قائد میں دہشت گرد پھر سرگرم ہو گئے اور نامعلوم دہشت گردوں نے 48 گھنٹوں میں دو پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا۔ نیو کراچی کی حدود میں واقع انڈسٹریل ایریا میں پولیس مقابلے کے دوران ایک اہلکار شہید ہوا۔ شہید اہلکار کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی، جو انڈسٹریل ایریا کراچی میں تعینات تھا، نامعلوم ملزمان سے مقابلے کے دوران عرفان گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے پولیس اہلکار کو بچانے کی کوشش کی مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ایک روز قبل بلدیہ ٹائون کے علاقے اتحاد ٹائون میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوا تھا۔ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران دو اہلکاروں کی شہادت کے بعد پولیس حکام نے متعلقہ تھانوں کو گشت بڑھانے اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف سخت کریک ڈائون کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹائون میں گزشتہ روز گشت پر مامور پولیس اہلکار ڈاکوئوں سے مقابلے کے دوران شہید ہوا تھا جبکہ جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو بھی مارا گیا تھا۔ ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ ڈاکوئوں نے فائرنگ کی اہلکار گشت پر تھے، ملزمان سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم حزب الاحرار نے پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

کالعدم تنظیم کے ترجمان ڈاکٹر عبدالعزیز یوسفزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ شب حزب الاحرار کے ٹارگٹ کلر دستے نے کراچی کے علاقے نیو کراچی میں پولیس اہلکار عرفان کو نشانہ بناکر قتل کردیاـ

جبکہ دو روز قبل بھی احرار ٹارگٹ کلرز نے کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں ایک پولیس اہلکار عبدالرحمٰن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں