برطانوی پولیس افسر کا قتل، ملزم پاکستان سے گرفتار

اسلام آباد (ڈیلی اردو) برطانوی پولیس افسر کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک شخص کو پاکستان میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں حکام نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس کے بارے میں حکام کا خیال ہے کہ وہ مبینہ طور پر ایک برطانوی پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ہے۔

ویسٹ یارکشائر پولیس سے تعلق رکھنے والی افسر شیرن بشنوسکی کو ایک ڈکیتی کے دوران گولی مار دی گئی تھی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ پیراں دتہ خان مبینہ طور پر ڈکیتی کرنے والے اس گروہ کے لیڈر تھے۔ یہ واقعہ بریڈ فورڈ میں 18 نومبر سنہ 2005 کو پیش آیا تھا۔

71 سالہ پیراں دتہ خان کو منگل کو گرفتار کیا گیا اور بدھ کو اسلام آباد کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی برطانیہ حوالگی سے متعلق معاملات زیر بحث آئے۔

پولیس افسر شیرن بشنوسکی کے قتل کے جرم میں پانچ افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس وقت ویسٹ یارکشائر پولیس کا کہنا تھا کہ گینگ کا مبینہ لیڈر خان پاکستان میں مفرور ہے اور ان کی تلاش جاری ہے اور کسی قسم کے اطلاع پر 20 ہزار پاؤنڈ کا انعام بھی رکھا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں