اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان بار کونسل نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے قانون کو متعلقہ فورم پر چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عابد ساقی نے پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں بلامقابلہ وائس چیئرمین منتخب ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کےدوران کہا کہ کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کے مقدمے میں فریق بننے کا اعلان کردیا۔
پاکستان بار کے نومنتخب وائس چیئرمین نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے پرویز مشرف غداری کیس سے متعلق فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے قانون کو چیلنج کرنے کے معاملے پر چار رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔
عابد ساقی نے کہا کہ ہم قانون سازوں کے ساتھ ملاقاتوں سمیت اپنی حکمت عملی طے کریں گے اور اس پورے سال میں ہم عوام کو تکلیف پہنچانے والی کوئی ہڑتال نہیں کریں گے۔