تہران (ڈیلی اردو) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خطبہ جمعہ میں کہا کہ جوہری پروگرام پر معاہدے میں شریک جرمنی، فرانس اور برطانیہ قابل اعتماد نہیں، امریکہ ایران کو نہیں جھکا سکا یورپی بھی یہ بات جان لیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے 8 سال بعد خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر ایران اور عراق میں لاکھوں افراد نے سوگ منایا، لاکھوں افراد نے تہران، قم اور دیگر شہروں میں جنرل قاسم کے جنازے میں شرکت کی، مشکل حالات کے باوجود قوم نے صبر اور شکرگزاری کا مظاہرہ کیا، ایران ایک مغرور طاقت کے منہ پر تھپڑ مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے یہ اللہ کی مدد اور نصرت ہے۔
جنرل سلیمانی کے قتل سے امریکا نے اپنی دہشتگرد فطرت کا اظہار کیا، جنرل سلیمانی ایرانی مزاحمت کا سب سے طاقتور کمانڈر تھا، امریکا جنرل سلیمانی کے سامنے کی ہمت نہیں رکھتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو عراق، افغانستان اور شام میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، ایران کے میزائل حملے امریکی ساکھ پر کاری ضرب ہیں، قدس فورسز ایک فوج ہیں جن کے لیے کوئی سرحد نہیں، پاسداران انقلاب اور قدس فورسز انسانی اقدار رکھنے والی تنظیمیں ہیں، پاسداران انقلان ایران کی سکیورٹی اور سلامتی کے ضامن ہیں، داعش امریکا کی تخلیق ہے جو ایران کو نشانہ بنانے کے لیے تشکیل دی گئی۔