دہلی (ڈیلی اردو) بھارت کی دو ریاستوں اتراکھنڈ اور اترپردیش میں زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 104 سے تجاوز کر گئی۔ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیاجا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی دو ریاستوں میں زہریلی شراب پینے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 104 تک پہنچ گئی اور اب بھی کئی کی حالت تشویشناک ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیشن اور اترکھنڈ میں زہریلی شراب پینے سے ہلاکتوں کے واقعات پیش آئے، جہاں زہریلی شراب پینے سے اتر پردیش میں 62 اور اتر کھنڈ میں 24 افراد ہلاک ہوئے۔
دونوں ریاستوں کے مختلف ہسپتا لوں میں 32 افرد زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی،زہریلی شراب سے ہلاکتوں کے واقعہ کے بعد پولیس نے اتر پردیش کے شہر سہارن پور میں کارروائی کرتے ہوئے شراب کے کاروبار سے وابستہ 30 افراد کو گرفتار کرلیا۔
سہارن پور کے ایس ایس پی کے مطابق تین مختلف تھانوں میں 25 مقدمات درج کرتے ہوئے 400 لیٹر غیرقانونی شراب برآمد کرلی گئی اور زہریلی شراب کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
دوسری جانب سماج وادی پارٹی کے صدر اکلیش یادیو نے دونوں ریاستوں میں ہلاکتوں پر حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہا کہ کرپشن کی وجہ سے بی جے پی حکومت نے زہریلی شراب کی روک تھام نہیں کی۔