خیرپور (ڈیلی اردو) عدالت نے رمشا قتل کیس میں ملوث مرکزی ملزم ذوالفقار وسان کو مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق رمشا قتل کیس کے مرکزی ملزم ذوالفقار وسان کو ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے اسپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
عدالت نے ملزم ذوالفقار وسان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
خیال رہے کہ 6 فروری کو صوبہ سندھ کے علاقے خیرپور میں رمشا نامی لڑکی کو کاری قرار دے کر قتل کرنے والے مرکزی ملزم ذوالفقاروسان کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم ذوالفقار وسان اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔
بعدازاں 8 جنوری کو عدالت نے رمشا قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
واضح رہے کہ وسان برادری سے تعلق رکھنے والی ساتویں جماعت کی طالبہ رمشا وسان کو یکم فروری کو سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے کنب میں مبینہ طور پرکاری قرار دے کر قتل کردیا گیا تھا۔