سیول (ڈیلی اردو) جنوبی کوریا کے فوجی افسر نے دورانِ سروس جنس تبدیل کرالی۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے فوجی افسر نے دورانِ سروس سرجری کراکے اپنی جنس تبدیل کرالی جو ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے۔
فوجی افسر کے اس عمل پر فوج کے اعلیٰ حکام سرجوڑ کر بیٹھ گئے ہیں اور اس افسر کے فوج میں رہنے یا نہ رہنے سے متعلق فیصلہ جلد کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ جنوبی کوریا میں جنس تبدیل کرانے والے (مخنث) کے فوج میں بھرتی پر پابندی ہے جب کہ دورانِ سروس سرجری کے ذریعے جنس تبدیل کرانے والے سے نمٹنے کے لیے کوئی خاص قوانین بھی موجود نہیں۔
جنوبی کوریا کے فوجی ترجمان کے مطابق اس نان کمیشنڈ فوجی افسر نے بطور مرد فوج میں شمولیت اختیار کی اور گزشتہ سال سرجری کے ذریعے جنس تبدیل کرالی۔
فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ کسی آن ڈیوٹی فوجی افسر کو اس بات کے لیے ملٹری پینل کے پاس بھیجا گیا کہ آیا وہ اس صورتحال کے بعد اب فوج میں رہنے کا اہل ہے یا نہیں۔