تہران (ڈیلی اردو) اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ فلسطین صہیونی ریاست کے قبضے سے آزادی عالم اسلام اور عرب ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ سے امریکی انخلاء اور فلسطین کی آزادی تک مکمل امن قائم نہیں ہوسکتا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ خطے کی تمام قوتوں، عرب ممالک اور عالم اسلام کو فلسطین کی آزادی کی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ امریکا کو خطے سے نکالنا اور امریکی بالادستی کو ختم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل نے فلسطینیوں کو نہتا کرنے کی مذموم مہم شروع کی ہے تاکہ وہ اپنے دفاع کی صلاحیت کھو دیں۔ شہید جنرل قاسم سلیمانی کی وفاداری میں لڑنے والے مجاہدین نے غزہ اور یمن کے مزاحمت کاروں کو مدد فراہم کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری وفادار تنظیمیں خطے میں موجود مقدسات کے دفاع اور کمزور عوام کے دفاع کے لیے لڑ رہی ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ امریکا خطے کی عوام اور اقوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے اور بعض حکومتیں اپنا اقتدار بچانے کے لیے امریکا کے پیچھے چل رہےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا پوری دنیا کی سب سے بڑی برائی ہے۔ امریکا شیطان ہے اور یورپی ممالک اس کے چیلے ہیں۔