کوئٹہ (ڈیلی اردو) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برفباری کاسلسلہ جاری ہے، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا ہے۔
پی ٹی ایم اے نے صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا۔
بلوچستان میں سردی کی نئی لہر داخل ہوگئی ہے، مختلف علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔
قلات میں منفی 11، زیارت میں منفی 10، کوئٹہ میں منفی 8، ژوب میں منفی 2، پنجگور منفی 1 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں 20 سے 23 جنوری تک مغربی ہوائیں چلنے کی وجہ سے کوئٹہ، زیارت، مستونگ، چاغی، نوشکی، پیشن ہرنائی میں برفباری کا امکان ہے۔
پی ٹی ایم اے نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کر دیئے ہیں، حادثے کی صورت میں پی ڈی ایم اے اور ڈپٹی کمشنر کی ہنگامی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب شمالی علاقہ جات میں خون جما دینے والی سردی کی لہر برقرار ہے۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو میں منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی، استور منفی 16، کالام، پاراچنار منفی 10، دیر، مالام جبہ، قلات منفی 5 اور کوئٹہ میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شمال مغربی بلوچستان، خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔