وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر سے ملاقات، ٹرمپ نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کردی

ڈیووس (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان نے عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی ہے۔

دونوں ملکوں کے سربراہان نے وفود کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کی کے موقع پر سائیڈ لائن ملاقات کی۔

پاکستانی وفد میں وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کا مسئلہ بڑا ہے اور امریکا کے صدر کے ساتھ اس مسئلے پر بات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے مسئلہ کشمیر پر بات ہوگی، میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالث کا کردار ادا کر سکتا ہوں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ان کے دوست ہیں ان سے دوبارہ ملاقات کرکے خوشی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ چین سے تجارتی مذاکرات کے دوران زیادہ تر ٹیرف برقرار رہیں گے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں