اینجامینا (ویب ڈیسک) وسطی افریقی ملک چاڈ میں صدر ادریس دیبی کا تختہ الٹنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 4 اپوزیشن رہنماؤں سمیت 250 باغیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک چاڈ میں باغیوں کے اتحادی گروہ نے صدر ادریس دیبی کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے حکومتی اداروں پر قابض ہو نے کی کوشش کی جسے فرانسیسی فضائیہ کی مدد سے ناکام بنادیا گیا۔
چاڈ کو فوجی معاونت فرانس کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے، باغیوں کی پیش قدمی کے بعد فرانسیسی افواج کے ساتھ مشترکہ فضائی حملوں میں لیبیا کی سرحد سے متصل علاقوں میں قائم باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران 4 باغی رہنماؤں سمیت 250 باغیوں کو حراست میں لیا گیا۔
فرانسیسی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اتحادی گروہ حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے 20 ٹرکوں پر سوار ہوکر چاڈ کے مرکزی شہر میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے جس پر 20 مسلح ٹرکوں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا۔ اس کارروائی میں باغیوں کا جانی نقصان بھی ہوا تاہم اس کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ وسطی امریکی ملک چاڈ میں حکومت مخالف اتحادی گروہ کو لیبیا کے مسلح باغیوں کی حمایت حاصل ہے اور اتحادی گروہ کا مرکزی ٹھکانہ بھی لیبیا کی سرحد سے متصل علاقے میں قائم ہے۔