بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان پہنچ گئی

لاہور (ڈیلی اردو) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے لاہور پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش ٹیم کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا، پی سی بی حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا، پی سی بی کی جانب سے مہمان کھلاڑیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔

لاہور ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، مہمان ٹیم کو ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا جائے گا، مہمان ٹیم کل دوپہر کو قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔

بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان محمود اللہ کل ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کریں گے۔

مہمان ٹیم میں محمود اللہ، تمیم اقبال، سومیا سرکار، نعیم شیخ، نجم الحسین شانتو، لٹن کمار داس، ایم ڈی مٹھن، عفیف حسین، مہدی حسن، مستفیض الرحمان، شفیع الاسلام، الامین حسین، روبیل حسین اور حسن محمود شامل ہیں۔

آئی سی سی آفیشلز بھی لاہور پہنچ گئے، وزارت داخلہ کی جانب سے آئی سی سی آفیشلز کو سیکیورٹی پر بریفنگ دی گئی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے میچ ریفری رنجن مدو گالے بھی لاہور پہنچے ہیں۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان مستقبل میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کا خواہش مند ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز 24، 25 اور 27 جنوری کو کھیلی جائے گی، پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں