تہران (ڈیلی اردو/شِنہوا) ایران نے بدھ کو تباہ شدہ یوکرینی مسافر بردار طیارے کے بلیک باکسز کو ڈی کوڈنگ کے لئے دوسرے ممالک کو دینے سے انکار کر دیا ہے۔
پریس ٹی وی کے مطابق ایرانی وزیر نقل و حمل محمد اسلامی نے کہا ہے کہ نام نہاد بلیک باکسز اس ایرانی ٹیم کے پاس رہنے چاہئیں جو اس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
اسلامی نے مزید کہا ہے کہ ڈیٹا ریکارڈ کا مکمل تجزیہ صرف ایرانی شہری ہوابازی تنظیم کی حادثے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے ذریعے ہونا ہے۔
8 جنوری کو یوکرین کے بوئنگ 800-737 ہوائی جہاز نے تہران کے ہوائی اڈے سے کیف کے لئے پرواز کی اور ایران کے امام خمینی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
اس میں عملے سمیت سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے، بعد ازاں ایرانی مسلح افواج نے تصدیق کی تھی کہ غیر ارادی طور پر ایک فوجی میزائل کے ذریعے یوکرینی طیارے کو ایران میں مار گرایا گیا تھا۔