کراچی (ڈیلی اردو) سندھ ہائی کورٹ نے نقیب اللہ محسود قتل کیس میں ملزم پولیس اہلکار اقبال سمیت پانچ ملزمان کی ضمانت مسترد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد پانچ ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم پولیس اہلکار محمد اقبال سمیت پانچ ملزمان کی ضمانت مسترد کردی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شوائد کی موجودگی کے باعث درخواست ضمانت مسترد کی گئی ملزمان کے خلاف ٹرائل کورٹ میں کیس زیر سماعت ہے، ملزمان میں غلام نازک ، اللہ یارکاکا، شکیل فیروزی اور رئیس عباس زیدی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ تیرہ جنوری 2018 کو ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے نوجوان نقیب اللہ محسود کو دیگر تین افراد کے ہمراہ دہشت گرد قرار دے کر مقابلے میں مار دیا تھا۔