ہنگو: ٹل پولیس کی بڑی کارروائی، خطرناک دہشت گرد فرمان اللہ سمیت 3 ملزمان گرفتار

ہنگو (نمائندہ ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے تھانہ ٹل پولیس نے کامیاب چھاپہ مار کارروائی میں کالعدم تنظیم کا ٹارگٹ کلنگ، بم بلاسٹ، اغوا برائے تاوان، پولیس مقابلوں سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب خطرناک دہشت گرد سمیت 3 مجرم اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

گرفتار دہشت گرد فرمان اللہ عرف فارمین ٹل پولیس کو اقدام قتل، پولیس مقابلوں، بم بلاسٹ جبکہ کوہاٹ پولیس کوقتل اور ڈی آئی خان پولیس کو اغوابرائے تاوان اور متعدد دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوہاٹ ریجن طیب حفیظ چیمہ کی خصوصی ہدایات پر اور ڈسٹرکٹ پولیس افیسر شاہد احمد خان کی زیر نگرانی تھانہ ٹل پولیس نے ایس ایچ او ایس آئی محمد وقاص اورکزئی کی قیادت میں جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری خصوصی کریک ڈاون کےتسلسل میں دہشت گردی، پولیس مقابلوں، ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں، اغوا برائے تاوان سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا خطرناک دہشت فرمان اللہ عرف فارمین ولد محمد ایوب سکنہ چھپری وزیران سمیت 3 مجرم اشتہاریوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار خطرناک دہشت گرد فرمان اللہ عرف فارمین ٹل پولیس کودہشت گردی، بم بلاسٹ، پولیس مقابلوں، اقدام قتل جبکہ ڈاکٹر اولیاء جان کے قتل کے مقدمہ میں کوہاٹ اور اغوا برائے تاوان اور ضرر کے مقدمات میں ڈی ائی خان پولیس کو مطلوب تھا۔ جبکہ علاقہ بازو کوٹ اور ٹل کمیٹی ایریا میں چھاپہ مار کارروائی میں قتل اور چوری کے مقدمات میں مطلوب دو مجرم اشتہاریوں نیکم خان ولد زمان خان سکنہ بازو کوٹ ٹل اور سیف الملوک عرف سیف اللہ ولد حیدر خان سکنہ کمیٹی ایریا ٹل کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایس ایچ او ٹل سب انسپکٹر محمد وقاص اورکزئی کے مطابق علاقے سے منشیات فروشوں کا خاتمہ اور مجرم اشتہاریوں کی گرفتاری ٹل پولیس کا مشن ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں