ملتان + لاہور (ڈیلی اردو) ملتان میں مہلک کورونا وائرس کا ایک اور مشتبہ کیس سامنے آگیا ہے، جس کے بعد مشتبہ مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 28 سالہ شخص کو نشتر ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ 28 سالہ رحمت علی چار دن پہلے چین سے پاکستان آیا تھا۔
ادھر لاہور کے سروسز ہسپتال میں بھی کورونا وائرس کے شبہے میں ایک چینی شہری داخل کرایا گیا ہے۔
میلی نامی چینی شہری چند روز قبل چین کے شہر ووہان سے پاکستان آیا تھا
ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی شہری میلی کا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ،چینی شہری میلی کیلئے ڈاکٹرز نے کچھ ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔
چینی خاتون کے خون کے نمونے حاصل کرلیے گئے ہیں، رپورٹس کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ کہ پاکستان میں ابھی تک کورونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے اسلام آباد میں کورونا وائرس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین سے آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اسکریننگ کے عمل میں مسافر کی میڈیکل ہسٹری کا جائزہ لیا جاتا ہے۔