خیبر پختونخوا: اورکزئی میں سیکورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک، 4 گرفتار

اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اداروں کی اطلاع پر ضلع اورکزئی کی تحصیل لوئر کے علاقہ بیزوٹ میں کارروائی کی گئی جس میں پاک فوج، سی ٹی ڈی اور ایف سی کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے بیزوٹ کے علاقے میں چھاپہ مارا جس پر وہاں چھپے ہوئے دہشت گردوں نے فائرنگ کردی۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے 4 سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق ضلع اورکزئی، ضلع خبیر اور درہ آدم خیل سے بتایا جاتا ہے۔ جن کا تعلق ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم سے تھا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں