جمرود: قبائلی رہنما ولایت شاہ کا سفاکانہ قتل، لاش کو جلا دیا گیا

اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں معروف قبائلی رہنماء کو اغوا کرنے کے بعد فائرنگ کر کے لاش کو جلا دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل جمرود علاقہ لالا کنڈاؤ سے قبائلی رہنماء ولایت شاہ منیاخیل کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق قبائلی مشر ولایت شاہ تین روز قبل اپنے آبائی علاقہ تودہ میلہ سے لاپتہ ہوگئے تھے جن کی لاش ہفتہ کے روز جمرود کے علاقہ لالا کنڈاؤ چیک پوسٹ کے قریب برآمد ہوئی، قبائلی رہنما کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی تھی۔

لاش برآمد ہونے کے بعد ایس ایچ او جمرود اکبر آفریدی نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے جمرود سول ہسپتال منتقل کردیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ ابھی تک کسی گروپ یا تنظیم نے قبائلی رہنما کے قتل کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

علاوہ ازیں جمرود کے علاقے غنڈی میں الف شاہ کو اغوا کرنے کے بعد نشہ اور چیز دے کر بے ہوشی کی حالت میں ویرانے میں پھینک دیا گیا تھا، ان کو ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم جانبر نہ ہوسکے اور ہسپتال میں چل بسے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں گذشتہ چھ سالوں کے دوران کم سے کم تین ہزار سے زیادہ قبائلی عمائدین اور قومی مشران (رہنما) ہدف بنا کر مارے گئے ہیں جب کہ سینکڑوں اپنا علاقہ چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں