اسلام آباد (ش ح ط) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی میں یکے بعد دیگرے دو ریموٹ کنٹرول دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقہ درہ میں پہلا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں باجوڑ سکاؤٹس اور باجوڑ پولیس کے دو اہلکار زخمی ہو گئے، زخمیوں کو طبی امداد دینے کیلئے پولیس اہلکار اور سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچے ہی تھے کہ اسی دوران دوسرا بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک پولیس شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔
ذرائع کے مطابق دوسرے بم دھماکہ میں پولیس کا ایک سپاہی واقب خان شہید جبکہ ایک زخمی ہوا، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا گیا جہاں سے ایک شدید زخمی کو بعد میں مزید علاج کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب کالعدم تنظیم حزب الاحرار نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا
خار پولیس لائن میں شہید پولیس اہلکار واقب خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں ڈی پی او باجوڑ پیر شہاب علی شاہ، کمانڈنٹ باجوڑ سکاوٹس سلیمان خالد، سول و عسکری حکام، قبائلی عمائدین اور مقامی افراد نے شرکت کی۔ شہید جوان کی جسد خاکی پورے اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کر دیا گیا ہے۔