ٹانک پولیس کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، انتہائی مطلوب دہشتگرد انعام عرف انعامی سمیت 3 ہلاک

ڈی آئی خان (توقیر حسین زیدی) خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقہ پہاڑ خیل میں پولیس کو انتہائی مطلوب دہشت گرد انعام گروپ کا سرغنہ انعام عرف انعامی اور اسکا ساتھی مرسلین مارا گیا جبکہ ڈی ایس پی خالد محمود سمیت ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹانک پولیس کو سواریوں سے بھری فلائنگ کوچ پر فائرنگ میں 15 عام شہریوں کو قتل کرنے اور مختلف سنگین نوعیت کے قتل، دہشت گردی، اقدام قتل اور ڈکیتیوں میں ملوث انعام گروپ کی کئی ماہ سے تلاش جاری رکھے ہوئے تھی، متعدد بار چھاپوں کے دوران بچ نکلنے کے بعد پولیس مقابلے میں پار کر دیئے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق لکی مروت کے علاقہ پہاڑ خیل میں گروپ کی موجودگی کی اطلاع پر ڈی ایس پی خالد محمود کی سربراہی میں ایلیٹ فورس کے جوانوں پر مشتمل خصوصی دستے نے ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں پر مسلح گروپ نے دیکھتے ہی پولیس پر فائرنگ شروع کردی جس پر جوابی کارروائی میں مسلح گروپ کے سرغنہ انعام عرف انعامی ساتھی مرسلین اور پناہ گزین کی ایک عورت ہلاک جبکہ ڈی ایس پی خالد محمود اور ایلیٹ فورس کا ایک جوان زخمی ہوگئے ہیں۔

تمام لاشوں اور زخمیوں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال ٹانک منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

ضلعی پولیس کی جانب سے ہسپتال کو پولیس کی سخت سیکیورٹی تحویل میں لیا گیا چھتوں اور داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کی انعام گروپ علاقے میں خوف کی علامت بن چکا تھا اور ملازئی، اماخیل ،پیزو اور اس ملحقہ میں شہریوں کی جانب غیر ضروری سفر سے بھی اجتناب کیا جاتا رہا ہے جبکہ مذکورہ علاقوں سے متعدد خاندان خوف کی وجہ سے دیگر علاقوں کو منتقل ہوگئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں