تہران (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) ایران کی وزارت خارجہ نے الزام لگایا ہے کہ سعودی عرب نے اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی ایک میٹنگ میں ایرانی مندوبین کو شرکت کرنے سے روک دیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا کہ سعودی حکام نے ایران کی جانب سے میٹنگ میں شرکت کرنے والے مندوبین کے لیے ویزے جارے نہیں کیے۔
عباس موسوی نے مزید بتایا کہ سعودی عرب کی حکومت نے ایرانی مندوبین کو او آئی سی کے ہیڈکوارٹر میں صدر ٹرمپ کے منصوبے پر غور کرنے والی میٹنگ میں شرکت سے باز رکھا۔
انھوں نے کہا کہ ایران نے او آئی سی میں شکایت درج کی ہے اور سعودی عرب پر تنظیم کا ہیڈکوارٹر ہونے اور میزبان ملک ہونے کے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا ہے۔